کوئٹہ میں اسپنی روڈ پر دھماکا ہوا جس میں مبینہ حملہ آور ہلاک ہوگیا، جب کہ سریاب روڈ پر فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر دھماکا ہوا ہے جس میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دھماکا پولیس اسٹیشن خروٹ آباد کے قریب ہوا۔
ایس ایچ او خروٹ آباد نے بتایا کہ ہلاک شخص کے پاس بارودی مواد تھا، اوروہ پولیس ناکے کو ٹارگٹ کرنا چاہتا تھا، اور وہ بارودی مواد پولیس ناکے کی ہی جانب لارہا تھا، تاہم راستے میں ہی دھماکا ہوگیا، پولیس نے لاش کو تحویل میں لےکر تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ سریاب روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ سریاب روڈ کراچی کوچ ٹرمینل کے قریب پیش آیا، سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب اسلم رئیسانی کے بھتیجے نوابزادہ ہارون خان رئیسانی، ٹرانسپورٹر براہمداغ لہڑی اور ایک لیویز اہلکار جاں بحق ہو گئے، جب کہ چار افراد زخمی ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ مسلح تصادم کا نتیجہ ہے، تاہم فوری طور پر تصادم کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔