پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض اور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نور عالم سمیت مزید 13 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض سمیت مزید 13 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔اور سیکٹری جنرل عمر ایوب نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
پارٹی سے نکالے گئے ارکان میں نورعالم خان، نزہت پٹھان، وجیہہ قمر، سردار ریاض، محمود خان مزاری، رمیش کمار وانکوانی، رانا قاسم نون، نواب شیر، مخدوم زادہ سید باسط احمد سلطان، افضل خان ڈھانڈلہ، عبدالغفار وٹو، عامر طلال گوپانگ اور احمد حسین دہر شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان تمام ارکان کی پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت ختم کردی گئی ہے، اور تمام رہنماؤں کو کسی بھی طرح سے پارٹی کا نام اور عہدہ استعمال کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر سابق ایم پی اے ملک شوکت علی کو بھی شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ اور ان سے دو دن کے اندر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
شوکت علی کو مجاز اتھارٹی کے علم میں لائے بغیر نئی پارٹی اجلاس میں شرکت پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔