قومی اسمبلی میں حکومتی رکن شیخ فیاض الدین نے سوال اٹھایا کہ غربت کے بجائے غریب ختم ہورہا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کیلئے قانونی خود کشی کا طریقہ بتائیں۔
قومی اسمبلی میں اہم قانون سازی کا عمل آج بھی جاری رہا، ایوان نے آج پیمرا اور پریس کونسل ترمیمی بل سمیت دیگر بلز منظور کرلیے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیرصدارت قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی جانب سے پیمرا بل میں ترامیم پیش کیں جسے ایوان نے منظور کرلیا۔
وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف 889 کیسز درج کیے 364 لوگوں کو سزائیں دی گئیں۔ سوال کا جواب موصول نہ ہونے پر رکن اسمبلی نصیبہ چنا نے تجویز دی کہ میرے گھر کا ایڈریس لے لیں جواب موصول ہو تو میرے گھر بھجوا دیں۔
حکومتی رکن شیخ فیاض الدین نے وقفہ سوالات میں انوکھا سوال پوچھتے ہوئے کہا کہ غربت کے بجائے غریب ختم ہورہا ہے، بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غریبوں کیلئے قانونی خود کشی کا طریقہ بتایا جائے۔
شیخ فیاض الدین کے سوال پر وزیر مملکت قانون شہادت اعوان نے جواب میں خود کشی کو حرام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وقت گزر چکا ہے۔
وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے گوادر یونیورسٹی لاہور میں بنانے پر شدید اعتراض کیا اور کہا کہ ہم اس قانون کا حصہ نہیں ہیں اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہیں۔
قومی اسمبلی میں پرائس کنٹرول منافع خواری و ذخیرہ اندوزی ممانعت، گیس چوری کی روک تھام اور وصولی اور زکوٰۃ و عشر ایکٹ میں ترامیم کے بل بھی منظور کرلیے گئے۔