ملک میں ایئرلائنز کے کرایوں میں اچانک ہوش رُبا اضافہ دیکھا گیا ہے، ٹریول ایجنسیوں نے اس اضافے کو اسلام آباد اور لاہور سے شمالی علاقوں کی جانب جانے والے سیاحوں کی آمد کو وجہ قراردیا ہے۔
اسلام آباد سے کراچی اور لاہورسے کراچی کا یک طرفہ کرایہ تقریباً تمام ایئرلائنز بشمول پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے 68 ہزار روپے تک بڑھا دیا ہے۔
آج نیوز کو ٹریول ایجنٹس کی جانب سے شیئر کیے جانے والے بکنگ ایپس کے اسکرین شاٹس سے معلوم ہوا ہے کہ AirSial کے یک طرفہ ٹکٹ کی قیمت 68 ہزار روپے سے زیادہ تھا، جبکہ Fly Jinnah اسلام آباد سے کراچی کا ٹکٹ 64,945 روپے میں فروخت کر رہی ہے۔
اسی حوالے سے کراچی میں مقیم ایک ٹریول ایجنٹ نے آج نیوز کو بتایا کہ کرایوں میں تقریباً 17 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ کراچی سے اسلام آباد اور لاہور یک طرفہ پروازوں کے کرائے کم از کم 35 ہزار روپے تک پہنچ گئے ہیں۔
ٹریول ایجنٹ نے مذکورہ اضافے کی وجہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو قرار دیا، جو دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور سے شمالی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔
جس کے بعد وہ کراچی واپس آرہے ہیں، تو مانگ میں اضافے کی وجہ سے کرایوں کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ کراچی سے اسلام آباد کے یک طرفہ سفرکا اب بھی 17ہزار روپے کا کم سے کم کرایہ ہے۔
ان کی توقع کے مطابق اگست کے پہلے ہفتے کے بعد کرایوں میں کمی ہوسکتی ہے، قومی ایئرلائن سمیت نجی ایئرلائنز کے کرایوں میں اضافے نے مسافروں کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔