سول جج کی اہلیہ کے مبینہ تشدد سے شدید زخمی ہونے والی رضوانہ لاہور کے جنرل اسپتال میں نو روز سے زیر علاج ہے۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا ہے کہ رضوانہ کے پھیپھڑوں اور دل کے حوالے سے مسائل موجود ہیں، دو دفعہ برونکوسکوپی کر چکے ہیں مزید نہیں کرسکتے۔
جنرل اسپتال سے منسلک گورنمنٹ امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی) کے پرنسپل الفرید ظفر کے مطابق رضوانہ کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث سانس میں دشواری آتی ہے، سانس کی دشواری کے باعث حالت تشویشناک ہو جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلڈ میں انفیکشن کے باعث جسم کے اعضاء متاثر ہوئے، انفیکشن کنٹرول ہونے کے بعد دائیں بازو کی سرجری ہوگی۔
پروفیسر الفرید نے کہا کہ رضوانہ کے بازوؤں میں 2 فریکچر ہیں، دائیں بازو کی سرجری ہوگی۔ جسم میں انفیکشن کنٹرول ہو گا تو اس کی سرجری کریں گے۔
بچی کے زخموں کے حوالے سے پروفیسر فرید الظفر نے بتایا کہ رضوانہ کو میڈیکل کیئر نہیں ملی جس کی وجہ سے کیڑے پڑے، روزانہ دو سے تین مرتبہ مرہم پٹی تبدیل ہو رہی ہے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ رضوانہ کھانا خود مانگ رہی ہے اور ذہنی کیفیت بھی دو دن سے ٹھیک ہے، رضوانہ نے گزشتہ رات کہا مجھے گھر جانا ہے۔
پروفیسر فرید الظفر نے بتایا کہ رضوانہ کو خون بھی لگایا جا رہا ہے۔ اگر 3 ،4 دن حالت ٹھیک رہی تو ریکوری کے فیز میں داخل ہو جائے گی۔