سابق وزیر دفاع پرویز خٹک پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرین کے چئیرمین منتخب جبکہ سابق وزیر اعلیٰ محمود خان وائس چئیرمین چن لیے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف سے ناراض سابق وفاقی اور صوبائی وزراء پر مشتمل نئی پارٹی پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کا پہلا کور کمیٹی اجلاس پرویز خٹک کی صدارت میں پشاور میں ہوا۔
اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت کثیر تعداد میں سابق ایم پی ایز اور ایم اینز نے شرکت کی۔
کورکیمٹی نے متفقہ طور پر پرویز خٹک کو پارٹی چئیرمین منتخب کرلیا جبکہ محمود خان پارٹی کے وائس چئیرمین ہوں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ 19 اگست سے خیبر پختونخوا میں سیاسی پاور شو کا آغاز نوشہرہ سے کریں گے جس کے بعد صوبہ بھر میں جلسے منعقد کیے جائیں گے۔
پارٹی کے فوکل پرسن اسرار باچا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹرین نے خیبر پختونخوا میں سیاسی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور اس ضمن میں 19 اگست کو نوشہرہ میں بڑے پاور شو سے آغاز کریں گے، اس کے بعد صوبے بھر میں اضلاع کی سطح پر انتخابی جلسے منعقد ہوں گے۔