Aaj Logo

شائع 01 اگست 2023 07:51pm

ملک کے دفاع میں افغانستان کے اندر کارروائی ہوسکتی ہے، وزیرخارجہ

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ افغان حکام دہشت گردوں کےخلاف کارروائی نہیں کرتے تو افغانستان کے اندر کارروائی ہمارا ایک ایکشن ہوسکتا ہے، لیکن یہ ہمارا پہلا آپشن نہیں ہوگا، دہشتگردی کے تناظر میں اپنے دفاع کے لیے عالمی قانون پر عمل کریں گے۔

دفترخارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیرخارجہ یہ میرامنشور تھا کہ وزارت خارجہ کو بہتر بنایا جائے، بیرون ملک مشنز اور دفترخارجہ کے درمیان بہترین رابطہ قائم کیا جائے، ایک ایسا پلیٹ فارم جو عام لوگوں کیلئے با آسانی قابل رسائی ہو، تشکیل دیا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وزارت خارجہ میں مجموعی طور 51 منصوبوں پر کام کیا گیا، جن میں سے 19 منصوبے تکمیل کوپہنچے اور 25 پرکام جاری ہے، ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کے تحت مختلف انتظامی شعبوں میں بہتری لائی، ایچ آر، فنانس سمیت ای میل سسٹم کو ڈیجیٹیلائز کر دیا گیا ہے، وزارت خارجہ کی نئی ویب سائٹ بھی ڈویلپ کی، فارن سروس اکیڈمی، پبلک ڈپلومیسی اور کونسلرسروسز سمیت بیشتر منصوبوں میں بہتری لائی گئی، ڈیجیٹلائزیشن کے اس منصوبے کے تحت مختلف انتظامی شعبوں میں بہتری لائے، شمسی توانائی کے منصوبے کیلئے چین کے تعاون پر مشکور ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں افغان انتظامیہ پاکستان پر حملے کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی، اگر استعداد کار کا مسئلہ ہے تو ہم افغانستان کی مدد کو تیار ہیں، لیکن اگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنے میں نیت کا مسئلہ ہے تو یہ الگ بات ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیٹو نے جو اسلحہ اور سامان رسد چھوڑا ہے وہ بعض جگہوں پر دہشتگردوں کے پاس ہے، اگر افغان حکام ان کے خلاف کارروائی نہیں کرتے تو افغانستان کے اندر کارروائی ہمارا ایک ایکشن ہوسکتا ہے، لیکن یہ ہمارا پہلا آپشن نہیں ہوگا، دہشتگردی کے تناظر میں اپنے دفاع کے لیے عالمی قانون پر عمل کریں گے، دہشت گردی کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے، ہم بلاکس کی سیاست میں نہیں ہیں۔

Read Comments