نگراں وزیراعظم کے لئے حکومتی اتحاد کے درمیان 5 ناموں پر اتفاق ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پیش کردہ ناموں پر اتحادیوں سے بھی مشاورت کے لیے رابطے کیے جارہے ہیں، 3 حتمی ناموں کا معاملہ قیادت پر چھوڑنے کی تجویز دے دی گئی ہے۔
نگراں وزیراعظم کے حوالے سے حکومتی اتحاد کے درمیان آج بھی مشاورت جاری ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی جانب سے دیے گئے 5 ناموں پر دیگر اتحادیوں سے رابطے کیے جارہے ہیں اور مشاورت ہورہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے لیے 3 حتمی ناموں کا معاملہ قیادت پر چھوڑنے کی تجویز دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف ، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان باقی قیادت سے بات کرکے فیصلہ کرلیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اتحاد کے زیر غور 5 نام چاروں صوبوں سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں سے پنجاب سے 2، سندھ، بلوچستان اور کے پی سے ایک ایک نام شامل ہے، اور ان مجوزہ ناموں میں سے صرف ایک سیاستدان کا نام شامل ہے، تاہم کسی ریٹائرڈ جج، جرنیل یا بیورو کریٹ کا نام اس میں شامل نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بزنس کمیونٹی اور غیر جانبدار ناموں پر دونوں بڑی جماعتوں نے اتفاق کیا ہے اور حکومتی ٹیم نے اتحادی جماعتوں سے مشاورت تیز کردی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ن لیگ کی مشاورتی کمیٹی کے رکن ایاز صادق نے جے یو آئی (ف) اور جمہوری وطن پارٹی کے سامنے 5 متفقہ نام رکھ دیئے ہیں، یہ وہی نام ہیں جن پر مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی پہلے ہی اتفاق کرچکے ہیں۔