وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1 ٹریلین ڈالر ہے، پاکستان کی ایکسپورٹ معدنیاتی مٹی بیچنے سے بھی بڑھے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان بے شمارمعدنیات کی دولت سے مالا مال ملک ہے، معدنیات کے انقلاب سے روزگار کے بیشتر مواقع پیدا ہوں گے۔
انھوں نے کہا کہ لوگوں کو روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، معدنیات کے انقلاب کے تین مقاصد ہیں، پہلا مقصد غریب کے لیے نوکری ہے، خام معدنیات سے دھاتوں کے نکالنے کا کام شروع کیا جائے گا۔
مصدق ملک نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں معدنیات سے متعلق انڈسٹری لگائیں گے، مائننگ سےغریب عوام کو فائدہ ہوگا، گوادر میں انڈسٹریل زون بنائے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معدنیاتی مٹی کی قیمت 6.1 ٹریلین ڈالر ہے، ملک کو ترقی کی جانب لے کر جائیں گے، پاکستان کی ایکسپورٹ معدنیاتی مٹی بیچنے سے بھی بڑھے گی۔ ہم مٹی سے ترقی بیچیں گے، یہ مٹی سے ترقی کا سفر ہے، جبکہ سونا اور تانبا ملک کی تقدیر بدلے گا۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں صحافی حامد میر نے پاکستان میں 6 ٹریلین ڈالر کی معدنیات موجود ہونے کا ذکر ٹوئٹر پر کیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے ان کے دعوے کو مبالغہ آرائی قرار دینے کی کوشش کی۔