Aaj Logo

شائع 30 جولائ 2023 05:03pm

اسلام آباد میں عام تعطیل کے اعلان پر تاجروں کا کاروبار بند کرنے سے انکار

حکومت نے اسلام آباد میں31 جولائی اور یکم اگست کوعام تعطیل کیا تھا لیکن تاجروں نے حکومت سے دو دن کاروبار بند کرنے کے احکامات کو واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ہائی لیول غیرملکی وفد کی آمد کے سبب عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

صدرانجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا ہے کہ دو دن لگاتار کاروبار بند نہیں کریں گے جس کا کوئی جواز نہیں ہے، انتظامیہ کی جانب سے جاری کیا گیا نوٹی فکیشن واپس لیا جائے۔ پہلے بھی دو دن محرم الحرام کے احترام میں کاروباربند رہ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے میں مزید کاروبار بند رکھنے کی سکت نہیں کاروباری طبقہ کے ساتھ دہاڑی دار طبقہ بھی منسلک ہے۔ مہمانوں کی آمد پربجائے کاروبار بند کرنے کے شہر میں چہل پہل ہونی چاہئے۔

دوسری جانب اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے چائنیز ہائی آفیشل کے دورہ پرسرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں دو روزہ تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف ایجوکیشن نے بھی تمام تعلیمی اداروں میں دو روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں فیڈرل ڈائریکٹریٹ کے زیر انتظام تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

Read Comments