لاڑکانہ میں ہونے والی مون سون بارشوں سے 5 ہزار سال قدیم موئن جو دڑو کے آثارات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اور کچھ نشیبی مقامات میں بارش کا پانی بھی تاحال موجود ہے۔
لاڑکانہ میں گزشتہ چند روز سے وقفے وقفے سے جاری مون سون بارشوں سے موئن جو دڑو کے آثار قدیمہ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، آثار قدیمہ کے کچھ نشیبی مقامات پر تاحال بارش کا پانی اور کیچڑ موجود ہے، جب کہ ایک دو مقامات پر دیواروں میں دراڑیں بھی پڑنے لگی ہیں۔
دوسری جانب ڈائریکٹرآرکیالوجی موئن جو دڑو سید شاکرعلی شاہ کا کہنا ہے گزشتہ روز لاڑکانہ میں 20 ملی میٹر بارش ہوئی، اس سے موئن جو دڑو کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیموں نے رات اور صبح سویرے وزٹ کیا کے کہیں شاید پانی کھڑا ہو، ایک دو جگہ پانی تھا جس کو نکال دیا گیا ہے، ظاہر ہے بارش ہوئی ہے تو پانی تو زمین پر ہی گرے گا اس وقت موئن جو دڑو پر کسی قسم کوئی پانی موجود نہیں ہے۔