Aaj Logo

شائع 28 جولائ 2023 05:45am

رہائی کے بعد علی محمد خان کا ویڈیو بیان آگیا

پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان کو 8 بار گرفتاری کے بعد بالآخر جمعرات کے روز رہائی مل گئی۔ رہائی کے بعد ان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے یہ بیان جیل سے گھر واپسی کے دوران گاڑی میں دوران سفر ریکارڈ کیا۔

علی محمد خان نے اپنے ویڈیو بیان میں جہاں 9 مئی کو غلط کرنے والوں کو سزا دینے والوں کی بات کی وہیں یہ بھی کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں۔

علی محمد خان نے کہاکہ 9 مئی کو جس نے بھی غلط کیا، اسے سزا ملنی چاہیے۔مجھ پر 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا جھوٹا الزام لگایا گیا، پی ٹی آئی اور اداروں کے درمیان فاصلے ختم کرنے کی کوشش کروں گا۔

علی محمد خان نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ ہماری پارٹی کی پالیسی نہیں۔پاک فوج مضبوط ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیاسی انتقام کی نہیں سیاسی استحقام کی ضرورت ہے، ملک کو شفاف الیکشن کی طرف لے جانا چاہیے۔ سابق وزیراعظم پر دہشت گردی کے پرچے کاٹنا پاکستان کی بدنامی ہے۔

انہوں نے کہا جیل میں 78 سالہ ماں کی فکر تھی کہ میرے بغیر والدہ کا وقت کیسے گزرا رہا ہوگا تاہم ماں نے اڈیالہ جیل میں جنگ میں محاذ خالی نہ چھوڑنے کا پیغام دیا۔

یاد رہے کہ علی محمد خان کی ضمانت 8 بار منظور ہوئی لیکن ہر مرتبہ انہیں رہا ہوتے ہی دوسرے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا ٹوئٹر پروفائل بھی جمعرات کو فعال ہوگیا۔ علی محمد خان نے اپنی پہلی ٹوئیٹ میں کہاکہ ”شکرالحمد 78 دن کی اسیری ختم ہوئ اور ہائ کورٹ پشاور کے حکم پہ رہائ ملی۔ اللّٰہ کا شکر ہے کہ اللّٰہ نے قید کے دوران استقامت عطا فرمائی
اسلام کی خاطر پاکستان 🇵🇰 کی خاطر !“

انہوں نے بعد میں عمران خان کی دو ویڈیوز بھی ری ٹوئیٹ کیں۔ جب کہ ان کی جانب سے ٹوئٹ کی گئی ایک ویڈیو میں پاکستانی پرچم سے محبت کا اظہار دکھایا گیا ہے۔

Read Comments