پاکستان کے سابق کرکٹرز جاوید میانداد اور رمیز راجہ نے سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی شاندار جیت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے آج نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی کامیابی کو ٹیم کامبی نیشن کا نتیجہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے بہتر ٹیم ورک کی ضرورت ہے۔
جاوید میانداد کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف میچ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنی چاہیئے کیونکہ اس میں پوری قوم کی دلچسپی ہوتی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز شاندار رہی۔
سابق کرکٹر نے پاکستان کی فیلڈنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سیریز میں مین آف دی سیریز پاکستان کی فیلڈنگ ہے، فیلڈرز کو اس سے بہتر کیچز کرتے ہوئے نہیں دیکھا۔