امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے فون پر رابطہ کیا اور نتیجہ خیز پاک امریکا شراکت داری کا اعادہ کیا، بلنکن نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی امریکا کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا تکنیکی، ترقیاتی اقدامات، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے ذریعے پاکستان کے ساتھ رابطے جاری رکھے گا۔
انہوں نے عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان کی حمایت کے پروگرام کی منظوری کا بھی خیر مقدم کیا۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ نتیجہ خیز، جمہوری اور خوشحال شراکت داری کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان کی معاشی بحالی کے لیے ہماری حمایت اور افغانستان سمیت ہمارے مشترکہ علاقائی تحفظات پر بات کرنے کے لیے بلاول بھٹو زرداری سے فون پر اچھی گفتگو ہوئی۔
امریکی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ جمہوری اصول اور قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستانی عوام نے دہشت گرد حملوں سے زبردست نقصان اٹھایا ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے۔
دونوں رہنماؤں نے یوکرین روس جنگ کے غیر مستحکم اثرات کے ساتھ ساتھ پرامن اور مستحکم افغانستان میں امریکا اور پاکستان کے مشترکہ مفادات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔