Aaj Logo

شائع 24 جولائ 2023 03:47pm

پشاور میں فائرنگ، پبلک سروس کمیشن میں تعینات افسر جاں بحق

پشاور کے علاقے شاہ پور میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پبلک سروس کمیشن میں تعینات افسر ارشد خان کو قتل کردیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ارشد خان ولد حمداللہ کو سرکاری گاڑی میں دورانپور رنگ روڈ کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا، وہ چارسدہ حال دورانپور کے رہائشی ہیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے اسپتال منتقل کیا۔

پولیس نے جائے وقوع سے دو عدد 30 بور پستول کے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکٹھے کیے، پولیس نے شواہد کی روشنی میں مختلف پہلوؤں پر جامع تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ مقتول ارشد خان پبلک سروس کمیشن میں ایگزامینیشن ڈائریکٹر کے عہدے پر فائز تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق معلوم کرنے کے بعد ورثاء کی مدعیت میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا جائے گا۔

Read Comments