بھارت میں ایک گیارہ سالہ لڑکا یوٹیوب ویڈیوز کی نقل کرتے ہوئے مبینہ طور پر پھانسنی لگنے سے چل بسا۔
جنوبی بھارتی ریاست تلنگانہ کے علاقے سرسیلا میں چھٹی جماعت کے طالب علم اُدے کو یوٹیوب پر مضحکہ خیز مناظر دیکھنے کی عادت تھی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہفتہ کی رات کھانا کھانے کے بعد وہ اپنے موبائل میں مصروف تھا جس کے بعد وہ ایک کمرے میں گیا اور اسے لاک کر دیا۔
بچے کے والدین نے اسے فون کیا، لیکن اس نے ان کی کال کا جواب نہیں دیا، جس کے بعد والدین نے دروازہ توڑا تو اُدے کو کپڑے سے دیوار پر کیل سے لٹکا ہوا پایا۔
اُدے کو فوری طور پر منڈل سینٹر کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سرسیلا ایریا اسپتال منتقل کرنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔