پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف کی دبئی آمد متوقع ہے، ن لیگ کی چیف آرگنائزر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی سعودی عرب سے براستہ دبئی پاکستان پہنچ گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف دبئی آمد پر پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے۔
آصف علی زرداری پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں، دونوں رہنما آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت بھی کریں گے۔
بلاول بھٹو اور مریم نواز بھی دونوں بڑوں کی ملاقات میں شرکت کے لئے دبئی آسکتے ہیں۔
ملاقات میں نگران وزیر اعظم کے نام پر مشاورت اور انتخابی عمل کے لئے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے پاکستانی تاجروں کے وفد نے جدہ میں ملاقات کی ، وفد نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستانی بزنس کمیونٹی کے وفد کی قیادت مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرکزی جنرل سیکرٹری ملک منظور حسین اعوان نے کی۔
اس موقع پر بزنس کمیونٹی کا نواز شریف سے کہنا تھا کہ آپ کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوا اور انشاء اللہ آئندہ بھی ہوگا، آپکی قائدانہ اور مدبرانہ ویژن نے ملکی معاشی صورتحال کو دلدل سے نکالا ہے، آپ ہمارا سرمایہ ہیں۔
نواز شریف نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کا خیر مقدم کیا اور وفد کی جانب سے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں اوورسیز پاکستانی اور بزنس کمیونٹی نے معیشت کو سنبھالا دیا۔