Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2023 07:09am

منی پور تشدد پر خاموشی، بھارتی اخبار کا مگرمچھوں کی 79 تصاویر چھاپ کر مودی پر طنز

Welcome

بھارتی اخبار ٹیلی گراف انڈیا نے منی پور میں پر تشدد واقعات پر خاموش رہنے پر مگر مچھ کی تصاویر کے ساتھ نریندر مودی کو طنز کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 56 انچ کے سینے میں درد اور شرمندگی کو داخل ہونے میں 79 دن لگے۔

معروف بھارتی اخبار ٹیلی گراف انڈیا نے منی پور تشدد پر 79 دن کی خاموشی کے بعد مگرمچھ کے آنسو بہانے والے وزیر اعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، اور اپنے پہلے صفحے پر ایک مگرمچھ کی آنسو بہانے کی تصویر شائع کی ہے۔

اخبار نے بڑی تصویر کے نیچے 78 مگر مچھوں کی چھوٹی تصاویر بھی لگائی ہیں، جن میں سے ہر ایک تصویر مودی کی جانب سے ہر ایک دن کی خاموشی کی عکاسی کرتی ہے۔

بھارتی اخبار نے تصویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’56 انچ کے سینے کے درد اور شرمندگی کو دور کرنے میں 79 دن لگے‘

یاد رہے کہ بھارتی وزیر اعظم اپنے 56 انچ چوڑے سینے پر فخر کرتے ہیں۔

بھارتی ریاست منی پور میں 3 مئی کو ہندو عیسائی فسادات شروع ہوئے تھے، اور ان فسادات میں اب تک 100 سے زائد افراد ہلاک اور 400 زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ رواں ہفتے دو عیسائی خواتین سے اجتماعی زیادتی کے بعد ان خواتین کو برہنہ کرکے گلیوں میں گھمانے کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، جس نے دنیا کو ہلاکر رکھ دیا تھا۔

ان تمام واقعات کے باوجود خاموش رہنے والے نریندر مودی نے 79 دنوں کے بعد گزشتہ روز اپنی خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ میرا دل ان واقعات پر غم اور غصے سے بھرا ہوا ہے۔ جس سے بھارت کی دنیا بھر میں تضحیک ہوئی۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق خواتین سے زیادتی کی خبر کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ ویڈیو حکام کو معلوم تھی لیکن انہوں نے اسے جان بوجھ کر 2 ماہ تک خفیہ رکھا اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ ریاست منی پور میں مودی کی جماعت بی جے پی برسراقتدار ہے، اور ان کی حکومت کے دوران نہ صرف منی پور بلکہ پورے بھارت میں اقلیتوں کے حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔

Read Comments