وزیراعظم شہباز شریف نے نگران سیٹ اپ اور عام انتخابات پر اتحادیوں سے مشاورت کے لیے ن لیگ کی 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
آئندہ ماہ اسمبلیاں تحلیل ہوجائیں گی اور نگران سیٹ اپ ملک کی باگ ڈور سنبھالے گا، تاہم نگراں سیٹ اپ سے قبل وزیراعظم کو تمام اتحادیوں اور اپوزیشن سے مشاورت کرنا ہوگی۔
مزید پڑھیں: نگراں وزیراعظم ٹیکنوکریٹ نہیں سیاستدان ہوگا، شہباز، زرداری اتفاق
وزیراعظم شہباز شریف نے نگران سیٹ اپ اور عام انتخابات کے حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت کے لئے ن لیگ کے سینئیر ترین رہنماؤں پر مشتمل 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔
ن لیگ کی مشاورتی کمیٹی میں سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال اور اسحاق ڈار شامل ہیں، جو براہ راست اپنے قائد نواز شریف سے رابطے میں رہیں گے۔
کمیٹی پیپلزپارٹی، جے یو آئی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں سے مذاکرات کرے گی، اور ان مذاکرات میں اسمبلیوں کی تحلیل کی تاریخ، نگران سیٹ اپ میں کون کون ہوگا، اور عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: نواز شریف اور فضل الرحمان میں رابطہ، نگران سیٹ اپ پر تبادلہ خیال
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کو بھی مذاکراتی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے نگران سیٹ اپ پر مشاورت کے لئے رابطوں میں تیزی آگئی۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت نے آئندہ نگران سیٹ اپ اور نگران وزیراعظم کے ناموں پر مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: عام انتخابات کی تاریخ اور پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ، نواز شریف کی وطن واپسی کا امکان
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری چاہتے ہیں کہ نگران وزیراعظم ان کے تجویز کردہ ناموں میں سے ہو جبکہ شہباز شریف پی ڈی ایم کی مشاورت کے ساتھ ہی اس پراسس کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے آصف زرداری کی وزیر اعظم شہباز شریف سے جلد ایک اور ملاقات کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے بھی لیگی قیادت سے رابطہ کیا ہے۔
آصف زرداری نے پنجاب میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنے کی بات کی ہے تاہم لیگی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے بیشتررہنماوں نے پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مخالفت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو جواب دیا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے فیصلہ نواز شریف کریں گے۔