بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران دو خواتین کو برہنہ کر کے سر عام پریڈ کروانے کی ویڈیو پر بالی ووڈ اداکار بھی خاموش نہ رہ سکے ۔
بالی ووڈ سنیئر اداکار امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن کا انسانیت سوز واقعے پر اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے اتنی شرم آئی کہ میں ویڈیو تک نہیں دیکھ سکی، یہاں خواتین کی عزت نہیں ہے،پورے ملک میں خواتین کے ساتھ کیا ہورہا ہے بڑے شرم کی بات ہے،کوئی اس معاملے پر بات نہیں کررہا۔
بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت مایوس کن ہے خواتین کے ساتھ آئے روز کوئی نہ کوئی واقعہ ہو رہا ہے، یوپی میں ہم نہیں جانتے کہ وہاں کیا ہوتا ہے،پورے ملک میں خواتین کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ ایسی ذلت یہ بہت افسوسناک ہے۔
انسانیت سوز واقعہ پر انوپم کھیر نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو ایسی سزا ملنی چاہیےجس سےمستقبل میں کوئی سوچ کر بھی کانپ اُٹھے۔
اداکار اکشے کمار نے بھی اس واقعے پر دکھ ، افسوس اور غصے کا اظہار کیا ہے۔
اکشے کمار نے ٹوئٹر پر اس حوالے سے لکھا کہ منی پور میں خواتین پر تشدد کی ویڈیو نے مجھے دہلا دیا، امید ہے مجرموں کو ایسی سخت سے سخت سزا ملے گی کہ کوئی دوبارہ ایسا خوفناک کام کرنے کا سوچے گا بھی نہیں۔
کیارا ایڈیوانی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ منی پور میں خواتین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو خوفناک ہے اور اس نے مجھے ہلاکر رکھ دیا ہے۔
ماضی کی مقبول اداکارہ ارمیلا نے منی پور واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ مذکورہ واقعہ مئی میں ہوا اور ابھی تک ملوث ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست منی پور میں نسلی فسادات کے دوران 2 خواتین کو برہنہ کر کے سر عام گھمانے اور مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کی وائرل ویڈیو سامنے آئی تھی۔