ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات نئی مردم شماری پر کرانے کا مطالبہ کردیا جبکہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی کو کالونی بنا کر مہاجروں کو غلام بنایا جارہا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوئینر فاروق ستار کی سربراہی میں وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔
فاروق ستار کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا مطالبہ ہے عام انتخابات نئی مردم شماری پر کرائے جائیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے یقین دہانی کرائی ہے ابھی انتخابات کس مردم شماری پر ہوں گے فیصلہ نہیں ہوا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ نئی مردم شماری پر حلقہ بندیوں کے لیے 4 ماہ درکار ہیں، اگر چند مہینے انتخابات آگے ہوں تو کرلیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کراچی کو کالونی بنا کر مہاجروں کو غلام بنایا جارہا ہے، پیپلز پارٹی کا رویہ متعصبانہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے 30 ووٹرز کو ان کے حلقے سے دوسرے حلقے میں شفٹ کردیا گیا ہے، کراچی کے لاکھوں ووٹرز کو دوبارہ اپنے حلقوں میں شفٹ کیا جائےفاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم نے مردم شماری پر چوکیداری کرکے اپنا فرض پورا کیا اب وزیراعظم سمیت دیگر کا کام ہے کہ وہ ہمارے جائز مطالبات پر مثبت پیشرفت کروائیں۔