Aaj Logo

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2023 07:09pm

باڑہ میں خودکش دھماکا ہوا، پولیس نے دہشتگردوں کو بہادری سے روکا، آئی جی خیبرپختونخوا

آئی جی خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے کہا ہے کہ پولیس نے دہشت گردوں کو بہادری سے روکا، پولیس نے اپنی جانوں پر کھیل کر بہت بڑی تباہی سے عوام کو بچایا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ باڑہ میں آج خودکش دھماکا ہوا ہے، پولیس نے دہشت گردوں کو بہادری سے روکا، دہشت گردوں نے دن 11 بجے تحصیل کمپائونڈ باڑہ میں گھسنے کی کوشش کی، دہشت گردوں نے دو اطراف سے حملہ کیا، پولیس چاک و چوبند تھی۔

اخترحیات خان نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کردیا گیا جبکہ دوسرے خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا، خود کش حملے کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ حملے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں کو مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا، گزشتہ چند دنوں میں پشاور اور خیبرپختونخوا میں 3 واقعات پیش آئے، حیات آباد میں فرنٹیر کور موبائل کو ہدف بنایا گیا، فرنٹیر کور گاڑی پر حملے میں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ رات ریگی حملے میں میں 2 پولیس اہلکارشہید ہوئے، پولیس نے اپنی جانوں پر کھیل کر بہت بڑی تباہی سے عوام کو بچایا، پولیس ایسے واقعات کی روک تھام کی کوشش کررہی ہے۔

آجی جی خیبرپختونخوا نے بتایا کہ جولائی میں دہشت گردی کے واقعات بڑھے، فروری سے جون تک واقعات کم ہوئے، پولیس اپنی بھی حفاظت اورعوام کی بھی حفاظت کرتی ہے۔

اختر حیات خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سوا لاکھ پولیس نفری ہے، پولیس کو جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے، پشاور میں سیف سٹی کا انتظام تک نہیں۔

یاد رہے کہ آج خیبرپختونخوا کی تحصیل باڑہ کے کمپاؤنڈ گیٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے جبکہ حملہ آور مارے گئے۔

Read Comments