وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان یوکرین اور روس کے درمیان تنازع کا حل چاہتا ہے۔
دفتر خارجہ میں یوکرینی ہم منصب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان یوکرین کے ساتھ تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے، ہم مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
یوکرین روس جنگ پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان یوکرین اور روس کے درمیان تنازع کا حل چاہتا ہے، یہ مسئلہ بات چیت سے حل کیا جائے۔
اس موقع پر یوکرینی وزیر خارجہ ڈمیٹرو کلیبا نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، ہم دوطرفہ تجارت اور تعلقات میں وسعت کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ یوکرین کے وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، ڈیمٹری کولیبا کی دفترخارجہ پہنچے تو بلاول بھٹو نے اپنے یوکرینی ہم منصب کا استقبال کیا۔
نیوز کانفرنس سے قبل دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ پاکستان اور یوکرین وزرائے خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی جب کہ دونوں رہنما وزارت خارجہ میں پودا بھی لگائیں گے۔