تاریخ میں پہلی بار کراچی میں نابینا طلبہ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے انٹری ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کر کے نئی مثال قائم کردی ہے۔
کمپیوٹرسائنس کا انٹری ٹیسٹ دینےوالے طلبہ نے اس ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔
طلبہ نے ”آج نیوز“ کو بتایا کہ ہمیں بہت خوشی ہےاور اسکا کریڈٹ اساتذہ کو جاتا ہے۔
طالبعلموں کا تعلق دی اڈاریواسکول سے ہے۔ سو سالہ پرانے اس ادارے میں قوتِ سماعت و گویائی اور بینائی سے محروم طلبہ کو تعلیم دی جاتی ہے۔
اساتذہ نے بتایا کہ ادارے میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کی خصوصی اجازت کے بعد بریل سسٹم کے تحت طلبہ نےانٹرکے امتحانات دئیےتھے۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر ڈاکٹرطفیل نےآج نیوزکو بتایا کہ بینائی سے محروم طلبہ کمپیوٹرسائنس سمیت چند دیگرمضامین میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔
بعض تکنیکی وجوہات کی بنیاد پرانجینئرنگ کے تمام شعبوں میں انکا داخلہ ممکن نہیں ہے۔
یہ طالبعلم بریل سسٹم کے تحت پڑھنےاور امتحان دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بریل سسٹم دراصل ابھرے ہوئے حروف کو پڑھنے کا ایک طریقہ کار ہے جو نابینا افراد کےلئے ایجاد کیا گیا ہے۔