Aaj Logo

شائع 18 جولائ 2023 05:43pm

سعود شکیل نے ڈبل سنچری بنانے کے بعد کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے

قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل سری لنکن سرزمین پر ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے۔

گال میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ میں سعود شکیل سری لنکن بولرز کے سامنے دیوار بن گئے اور ٹیل اینڈرز کے ساتھ کھیلتے ہوئے اپنے کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری مکمل کرتے ہوئے سری لنکا میں تاریخ رقم کردی۔

سری لنکا کے خلاف ابتدائی 5 وکٹیں جلد گرجانے کے بعد جب پاکستانی ٹیم انتہائی مشکلات کا شکار تھی تو س وقت سعود شکیل نے آغا سلمان کے ہمراہ ایک اینڈ سنبھالا، دونوں بیٹرز نے چھٹی وکٹ کے لیے 177 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی اور پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔

سعود شکیل نے میراتھن اننگز کھیلتے ہوئے پہلے آغا سلمان کا ساتھ دیا اور اپنی سنچری مکمل کی، یہاں آغا سلمان اسٹمپ آؤٹ ہوئے تو یوں لگا جیسے پاکستانی بیٹنگ لائن جلد سمٹ جائے گی۔

تاہم نعمان علی، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد کے ساتھ کھیلتے ہوئے سعود شکیل نے اپنی ڈبل سنچری مکمل کی۔

مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے پاکستان کو مشکلات کے بھنور سے نکالتے ہوئے 208 رنز کی اننگز کھیلی تاہم انہوں نے 352 گیندوں کا سامنا کیا اور 19 چوکے لگائے۔

سعود شکیل سے قبل پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بلےباز ڈبل سینچری اسکور کرنے میں ناکام رہا تھا تاہم سال 2014 میں یونس خان نے 177 جبکہ محمد حفیظ نے 2012 میں 196 رنز بنائے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے عابد علی نے 2021 میں زمبابوے کے خلاف ہرارے میں ڈبل سینچری اسکور کی تھی۔

دوسری طرف سعود شکیل نے منفرد اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے جاوید میانداد کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

27 سالہ بیٹر کیریئر کی ابتدائی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔

سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں 141 واں رن لے کر عبداللّٰہ شفیق اور جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کیریئر کا 721 واں ٹیسٹ رن سکور کیا۔

Read Comments