کراچی میں عزیزآباد پولیس نے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
جوہر آباد تھانہ کی حدود میں گذشتہ ماہ ہیئر سیلون میں ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی، جس میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان نے ڈسٹرکٹ سینٹرل سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا۔
ملزمان نے جوہر آباد کی حدود میں ہیئر سیلون میں دورانِ ڈکیتی 7 سے 8 موبائل فون چھیننے کا اعتراف بھی کیا ہے۔
عزیزآباد پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ملنے کے بعد سی پی ایل سی کی تکنیکی معاونت بھی حاصل کی۔
گرفتار ملزمان کی شناخت علی ولد نفیس، حسین ولد نور حسین، سعید عرف چکنا ولد محمد یونس اور بلال عرف بم ولد عبدالمالک کے ناموں سے ہوئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 4 عدد پسٹل 30 بور لوڈڈ میگزین، 4 عدد موبائل فون جس میں ایک موبائل فون عزیزآباد کی حدود سے چھینا گیا ہے اور 2 عدد مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی گئیں۔
گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے