Aaj Logo

اپ ڈیٹ 18 جولائ 2023 11:44pm

چاند نظر نہیں آیا، یوم عاشور 29 جولائی کو ہوگا

ملک میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں یکم محرم الحرام 20 جولائی اور یوم عاشور 29 جولائی کوہوگا۔

محرم الحرام 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں ہوا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔

اجلاس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام، محکمہ موسمیات کے نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ پورے ملک میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور میں منعقدہ کیے گئے۔

چاند کی رویت سے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں مطلع صاف ہے، محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے زیادہ امکانات ہیں، بلوچستان میں سورج ڈوبنے کے بعد چاند دیکھنے کا دورانیہ 47 سے 49 منٹ ہوگا، بلوچستان میں 7 بج کر 25 منٹ سے 8 بجے کے درمیان چاند دیکھا جاسکے گا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک کے کسی بھی حصے میں محرم الحرام کا چاند نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یکم محرم الحرام 20 جولائی بروز جمعرات جبکہ یوم عاشور 29 جولائی بروز ہفتے کو ہوگا

مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملکی سالمیت استحکام ترقی اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کی دعا کرائی جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں شہادت پانے والے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہداء کے بلند درجات کی خصوصی دعائیں کرائی گئیں۔

Read Comments