وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ اسمبلی توڑنے کی تاریخ حتمی نہیں ہے، اسمبلی کب توڑنی ہے اس کا فیصلہ پیپلز پارٹی کی قیادت کرے گی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت روزگاربڑھانےکیلئےاقدامات کررہی ہے، پاکستان کو اشد ضرورت ہے کہ انڈسٹریز لگیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت جس کی بھی ہو پالیسیاں تبدیل نہیں ہونی چاہئیں، ملک کی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کو معیشت کے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، اندرونی اور بیرونی سرمایہ کاری سے معیشت مستحکم ہوگی، ہمیں ملک کی ترقی کیلئے طویل مدتی پالیسی بنانا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ملک توڑنے کی بات نہیں کرتی، نگراں سیٹ اپ آئےگا اور ہم انتخابات کی طرف جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 4 سال قبل تقسیم اور نفرت کا پودا لگایا گیا، ایک شخص کو بچانے کیلئے اسرائیل کھل کر سامنے آگیا، کسی کو اختیار نہیں کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے، پی ٹی آئی کی قیادت ملک کے خلاف سازشیں کررہی ہیں، پاکستان کے دشمن ممالک انہیں فنڈنگ کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئے گی، ہم خالد مقبول کو جواب دے کر تخلیاں نہیں بڑھانا چاہتے، بیانات کے ذریعے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہمارا جواب محبت سے ہوگا، ہماری قیادت یکجہتی چاہتی ہے، ہم مرچ مصالحے والے جواب نہیں دیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے، عوام جس کو چاہے گی ووٹ دےگی، کئی لوگ پیپلز پارٹی سے رابطےمیں ہیں، کئی لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہوں گے۔