گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری ٹھنڈے مقامات کا رخ کررہے ہیں۔ ایسے میں ناران اور دیامر کے سنگم پر واقعی سیاحتی مقام بابو سر ٹاپ سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
دیامر کے سیاحتی مقام ”بابوسر ٹاپ“کو جہاں تاریخی اور سیاحتی اہمیت حاصل ہے وہیں پل پل بدلتے موسم کی ادائیں سیاحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں۔
گرمی کے ستائے سیاح جب سطح سمندر سے 13 ہزار 700 فٹ بلند درہ بابو سر پہنچتے ہیں تو سرد ترین ہوائیں ان کا بھرپور استقبال کرتی ہیں۔
حسین سبزہ ، برف کی پھیلی چاندی، دھوپ اور گہرے بادلوں کی آنکھ مچولی کے دلفریب نظارے جسم کے ساتھ آنکھوں کو بھی ٹھنڈک پہنچاتے ہیں۔
دور دراز سے آئے سیاح بابو سر ٹاپ پر نصب زپ لائن اور دیگر ایڈونچر سے بھرپور سیاحت کا لطف اٹھاتے ہیں اور مقامی کھانوں سے بھی محظوظ ہوتے ہیں۔
اگرآپ لوڈشیڈنگ اور گرمی سے پریشان ہیں اور کسی ٹھنڈے مقام پر اپنے کچھ لمحات گزارنا چاہتے ہیں تو بابو سر ٹاپ سے بہتر کوئی جگہ نہیں۔