پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیا رکھ دیا۔ تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سے شروع ہونے والا معاشی انقلاب پورے ملک تک پھیلائیں گے۔
دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب میں بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، اسپیشل اکنامک زون ہوائی اڈے سے قریب ہونے کی وجہ سے زیادہ فائدہ مند ہے، کاروباری طبقہ کو دعوت دیتا ہوں کہ ملکی معاشی ترقی کے لئے مل کرکام کریں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی صورت میں ایک اور کامیابی کا منصوبہ پیش کیا جارہا ہے لیکن ماضی میں پیپلزپارٹی کےخلاف کردار کشی کی مہم چلائی گئی، کہا گیا کہ ایک نئی سیاسی جماعت کی ضرورت ہے، باقی لوگ باتیں کرتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی کام کرکے دکھاتی ہے۔
پیپلزپارٹی دور حکومت کی کامیابیوں پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سابق صدر آصف زرداری کی بدولت پاکستان کو سی پیک کا تحفہ ملا ۔ سندھ، ایشیا میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میں چھٹے نمبر پر ہے، سندھ حکومت نے کووڈ اور سیلاب میں بہترین کام کرکے دکھایا، پیپلزپارٹی کا خدمت کرنے کا طریقہ باقیوں سے بہتر ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بزنس سیکٹر کے ساتھ مل کر انفرا اسٹرکچر بہتر بنایا گیا، کاروباری سیکٹر کے ساتھ مل کر کام کرنے سے بزنس اسٹرکچر بہتر ہوتا ہے، پبلک پرائیویٹ پار ٹنر شپ سے تھر کول منصوبہ بنایا، ملک بھر میں کمیونیکیشن انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنایا گیا۔
دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سابق صدر آصف زر داری نے چین کو سی پیک کا آئیڈیا دیا تھا، اسی آئیڈیے کو چین کے صدر نے ون بیلٹ منصوبہ کا حصہ بنایا۔
انھوں نے کہا کہ سی پیک کا تصور سڑکوں تک محدود نہیں تھا، اکنامک زون کے بغیر سی پیک آگے نہیں بڑھ سکتا، امید ہے دھابیجی اکنامک زون منصوبہ تیزی سے مکمل ہوگا، اکنامک زون کیلئے موجودہ مقام سب سے بہترین جگہ ہے، یہ ایئرپورٹ اور بن قاسم پورٹ سے بہت قریب ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اکنامک زون کیلئے 1530 ایکڑ زمین مختص کی ہے، مستقبل میں اکنامک زون کا رقبہ مزید بڑھائیں گے، بلاول بھٹو 4 ماہ بعد وزیراعظم بنیں گے اور تکمیل پر اس منصوبے کا افتتاح بھی کریں گے، بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے کے بعد کراچی مزید ترقی کرے گا۔