لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار سماجی سیاسی رہنما طیبہ راجہ اور روہینہ خان سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے مقبول احمد اور روہیز جیمل سمیت 6 ملزمان کی ضمانت درخواستوں پر دلائل طلب کر لیے۔
عدالت نے طیبہ امبرین راجہ، روہینہ خان، شہرام مبارک، قاسم لیاقت، خضر حیات، سید حسن رضا، شاہد محمود اور نجیب اللہ کی درخواست ضمانت خارج کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران نذیر قاسم علی، بلال احمد اور عبد الحفیظ کی درخواست ضمانت پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔
تمام ملزمان کے خلاف پولیس تھانہ سرور روڑ میں جناح ہاؤس پر حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں مقدمہ درج ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ نے 9مئی کے واقعات پر گرفتار معروف فیشن ڈیزائنر و پاکستان تحریک انصاف کی سپورٹر خدیجہ شاہ، ہما سعید، رضوان ضیا اور زبیر ملک کی گرفتاری کے خلاف درخواست خارج کردی تھی۔