وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام حلقوں سے لیگی امیدوار کھڑے کریں گے، امید ہے اس مرتبہ سازش نہیں ہوگی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثںاء اللہ نے کہا کہ ن لیگ پنجاب میں انتخابی مہم شروع کرنے جا رہی ہے، 297 صوبائی اور 146 حلقوں سے انتخاب لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ملک ہم سے معاشی طور پر طاقتور ہے، نواز شریف نے ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا مگر ایک شخص نے ملکی سیاست میں زہر بھرا اور نوجوانوں کو گمراہ کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک شخص نےترقی کرتےملک کو واپس پیچھے دھکیل دیا، چار سال تک ملک کی ترقی کا سفر روکا گیا، اس فتنے نے ملکی دفاع پر بھی حملہ کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نےدوبارہ ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالی اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو بحران سے نکالا، ملک کے ڈیفالٹ ہونے کا خدشہ تھا لیکن اب ہم محفوظ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم گالم گلوچ کی سیاست کا خاتمہ، ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی کے لئے کام کریں گے، ہم نفرت پر نہیں بلکہ ملک کے استحکام اور ترقی پر یقین رکھتے ہیں۔
ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب کے تمام حلقوں سے لیگی امیدوار کھڑے کریں گے، صوبے میں سیٹ ایڈجسمنٹ محدودحد تک ہوگی، اپنے کارکنان کو مایوس نہیں کریں گے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گروہ کے خلاف کارروائی انتقامی کارروائی نہیں، شہداء کی یادگاروں کی بےحرمتی کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونا چاہئے اور قاسم کے ابو نے کچھ کیا ہے تو قاسم جانے اس کے ابو جانیں۔