عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 13 ڈالر جب کہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 4000 روپے کا ہوشربا اضافہ ہوگیا۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 13 ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1959 امریکی ڈالر پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب پاکستانی صرافہ مارکیٹوں میں بھی بدھ کے روز سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 4000 روپے اور 3429 روپے کا غیر معمولی اضافہ ہوا۔
قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 8 ہزار روپے جب کہ دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد ایک لاکھ 78 ہزار 326 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ اور دس گرام چاندی کی قیمت میں بھی بالترتیب 50 روپے اور 42.87 روپے کا اضافہ ہوا، اور چاندی کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 2600 روپے اور 2229.08 روپے ہو گئی۔