خیبرپختونخوا کے شہر پشاور میں بجلی لوڈشیڈنگ سے پریشان شہریوں کیلئے ایک اور بری خبر سامنے آگئی۔پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ شہر میں پانچ روز بجلی بند رہےگی۔
پیسکو نے بیان جاری کیا ہے کہ پشاور میں ناگزیز مرمت کی وجہ سے رحمان بابا، کوہاٹ روڈ اور سٹی گرڈ سٹیشن سے بجلی فراہمی آج سے 17 جولائی تک صبح 7 سے دوپہر 12 بجے تک بند رہے گی۔
مختلف علاقوں کے صارفین کے ساتھ ہزار خوانی، یکاتوت، چمکنی اور شریف آباد کے شہری بھی بجلی سے محروم رہیں گے۔
اسی طرح نوتھیہ، بانہ ماڑی، کوہاٹ روڈ، سول کوارٹر، ہشتنگری، گلبہار، ریڈیو پاکستان، نشترآباد، ارمڑ سمیت مختلف علاقوں کے صارفین بھی متاثر رہیں گے۔
پیسکو کا مؤقف ہے کہ مرمت کام مکمل ہوتے ہی بجلی کی فراہمی مذکورہ اوقات میں جاری رہے گی۔
دوسری طرف عوام کا کہنا ہے کہ وہ پہلے سے ہی اعلانیہ اور غیراعلانیہ بجلی لوڈ شیڈنگ سے پریشان تھے لیکن اب مرمت کے بہانے بجلی بندش اس گرمی میں کسی عذاب سے کم نہیں ہے۔