وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان رعایتی روسی خام تیل کی دوسری کھیپ خریدنے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرمملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روسی خام تیل کی دوسری کھیپ کے لئے روس سے مذاکرات کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسا نہیں کہ پاکستان کو روسی خام تیل سے ”فائدہ“ نہ ہوا ہو، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) میں ایک لاکھ ٹن روسی خام تیل پہلے کارگو کا کامیاب تجربہ کرچکے ہیں، اب ہم ایک اور کارگو کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔
مصدق ملک نے اعتراف کیا کہ روسی سے خام تیل کی مال برداری اور انشورنس کی لاگت زیادہ ہے، تاہم عرب لائٹ آئل کے مقابلے میں ریفائننگ کے بعد فرنس آئل کی پیداوار زیادہ ہے، اس سے ہمیں اب بھی فائدہ ہوگا۔
وفاقی وزیر نے دوسری کھیپ میں تیل کی مقدار بتانے سے گریز کیا، جب کہ پاکستان کو ملنے والی پہلی کھیپ کی قیمت یا رعایت کے حوالے سے بھی تفصیلات نہیں بتائیں۔
مصدق ملک نے کہا کہ اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم کے بارے میں سب جانتے ہیں، اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر بمباری کی جس سے چھوٹے چھوٹے بچے جاں بحق ہوئے، صحافی پہنچے تو ماں اور باپ کفن کا کپڑا اٹھا اٹھا کر دکھا رہے تھے کہ یہ دیکھو، چھوٹے چھوٹے بچوں کی لاشیں مسخ ہوچکی تھیں، ایک اور ویڈیو میں ایک باپ اپنے بچوں کے سامنے ڈھال بنا کھڑا تھا اسے اور اس کے بیٹے کو گولیاں ماری گئیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی کرنے والا انسانی حقوق کی بات کررہا ہے، اسرائیل سے زیادہ انسانی حقوق کی پامالی کا گھناؤنا ریکارڈ کسی کے پاس نہیں، وہ ملک کہہ رہا ہے کہ پاکستان حقوق کا خیال رکھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملے کیے گئے، ایم ایم عالم کے تاریخی جہاز کی بے حرمتی کی گئی، 9 مئی کے واقعات کے بعد اسرائیل کو پاکستان میں انسانی حقوق کا خیال کیوں آیا؟ ان لوگوں نے ملک کے خلاف سازش کی، ہم چاہتے ہیں اوئے توئے اور ناامیدی کی سیاست ختم ہو، آگے بڑھیں ہاتھ تھامیں اور اپنے بچوں کو امید دلائیں۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم کی سینکڑوں ویڈیوز موجود ہیں، سوچنے کی بات ہے کہ اسرائیل 9 مئی کے واقعات پر ہی بات کیوں کررہا ہے؟کسی اور ملک میں 9 مئی جیسے واقعات ہوتے تو ملوث عناصر سے کیا سلوک کیا جاتا؟۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل حساس تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی حمایت کیوں کررہا ہے؟ یہ کیا کھیل ہے کہ آپ حفاظت کرنے والوں کے گھروں پر حملے کریں، جو لوگ کہہ رہے ہیں ان کی پارلیمان پر حملہ کیا جائے، ان کے شہداء کی خاک اڑائی جائے تو یہی کہیں گے کہ انہیں شامل تفتیش نہ کریں۔
وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ ایک شخص نے امریکا پر اپنی حکومت گرانے کا الزام لگایا، اسی شخص کو سب نے امریکی ارکان کانگریس کی منت سماجت کرتے دیکھا۔
واضح رہے کہ اپریل میں طے پانے والا پہلا کارگو گزشتہ ماہ کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا اور اس کی ادائیگی چین کی کرنسی میں کی گئی تھی، پاکستان نے روس کے ساتھ یہ معاہدہ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو بچانے کے لیے کیا ہے، جو بنیادی طور پر تیل کی درآمد پر استعمال ہوتے ہیں۔
اس وقت پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن کے شدید بحران کا سامنا ہے، اور مرکزی بینک کے ذخائر صرف ایک ماہ کی کنٹرول شدہ درآمدات کو پورا کرنے کے لئے کافی ہیں، گزشتہ ماہ کے اواخر میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے 3 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ حاصل کرنے سے قبل پاکستان کے ڈیفالٹ کی خبروں پر قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں، تاہم متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہونے اور متوقع طور پر آئی ایم ایف معاہدے کی منظوری کی خبروں کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی دم توڑ گئی ہیں۔