بالوں کے جھڑنے کی متعدد وجوہات ہوتی ہیں مگر کسی کو نہیں پسند کہ ان کے سر پر گنج پن دکھائی دے۔
اگر آپ کے بھی سر کے بال تیزی سے گر رہے ہیں تو کچھ گھریلو ٹوٹکے آزما کر دیکھیں، پاکستانی خواتین کے ان آزمودہ ٹوٹکوں سے ہیئر فال ناصرف کنٹرول ہوجائے گا بلکہ بالوں کی چمک میں بھی اضافہ ہوگا۔
انڈوں کا ماسک بالوں کے گرنے کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ انڈوں میں پروٹین کی بھرپور مقدار ہوتی ہے۔ اس ماسک کو بنانے کے لئے ایک انڈے کو ایک چائے کے چمچ زیتون کے تیل میں مکس کریں، بالوں کو دھونے کے بعد اس پیسٹ کو بالوں پر لگا کر دس منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ جب وہ پیسٹ خشک اور جذب ہوجائے تو بالوں کو کسی کنڈیشنر سے دھولیں۔
بالوں کے گرنے کی ایک بڑی وجہ سر کی جلد میں نمی ختم ہوکر خشکی کا بڑھ جانا ہے، ناریل سر کی جلد کی نمی کو بحال کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اگر دن میں ایک بار ناریل کے دودھ کی مالش کی جائے اور دس منٹ تک بالوں کو ریسٹ دیا جائے تو ہیئر فال میں واضع فرق رونما ہوتا ہے۔
پیاز کا عرق بالوں کی نشوونما میں بہت زیادہ معاونت کرتا ہے، یہ عرق ایسا قدرتی طریقہ علاج ہے جو بالوں کو گرنے سے روک کر ان کی نشوونما بہتر بناتا ہے۔ پیاز میں سلفر پایا جاتا ہے جو دوران خون کو بہتر ، کولیگن کی نشوونما میں تیزی اور جراثیم کش ہونے کے باعث سر کے انفیکشنز کی روک تھام کرتا ہے، اس کے استعمال کے لیے پیاز کے عرق کو سر پر لگا کر پندرہ منٹ کے لیے چھوڑ دیں، پھر بالوں کو شیمپو سے دھولیں۔
اگر تو آپ پریشان ہیں کہ کس طرح گرتے بالوں کو روکیں تو ایلو ویرا اس مسئلے سے نجات دلانے کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے، ایلو ویرا کا پودا اکثر گھروں میں پایا جاتا ہے، لیکن لوگ اس کے فوائد سے لاعلم ہیں۔
ایلو ویرا کے خالص جیل کی مالش کرنے سے ایک جز سیبم کی صفائی ہوجاتی ہے جو بالوں کی جڑوں کو نقصان دے کر ہیئر فال بڑھاتا ہے۔