گائناکالوجسٹ کی عدم دستیابی کے باعث بھلوال کے نجی اسپتال میں مبینہ طور پر انستھیٹسٹ نے زچگی کا آپریشن کرڈالا، جس کے نتیجے میں بچہ رحمِ مادر میں ہی جاں بحق ہوگیا اور ماں کو تشویشناک حالت میں دوسرے اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
بھلوال کے رہائشی سید علی رضوی اپنی بیوی کو ڈیلیوری کے آپریشن کے لیے نوید اسپتال بھلوال لائے۔ جہاں کوئی گائناکالوجسٹ دستیاب نہیں تھا۔
تاہم، اسپتال انتظامیہ نے انستھیسٹسٹ سے ہی زچگی کا آپریشن کروا دیا۔ جس کی مبینہ غفلت کے باعث نومولود بچی کی موت ہو گئی۔
مشتعل افراد نے احتجاج کیا تو پولیس نے موقع پر پہنچ کر اینستھیسٹسٹ ڈاکٹر نوید اسلم کو گرفتار کر لیا۔
لواحقین نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے لالچی اسپتال کو سیل کیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔