اسلام آباد کی مقامی عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے 2 روز کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ 8 اپریل کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا، آج ہائیکورٹ میں اپیل پر سماعت ہے۔
جج کے ملزم سے متعلق استفسار کرنے پر وکیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی استثنیٰ کی درخواست کا بتایا۔
جج ہمایوں دلاورنے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ کریمینل وکیل ہیں، 7 ماہ سے کیس التواء کا شکار ہے ، کبھی ایسا دیکھا 7 ماہ سے کیس چل رہا اور ملزم ایک بار صرف عدالت آیا ہو؟۔
عدالت نے حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ہائیکورٹ میں دائر درخواست کا فیصلہ عدالت میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی طبعیت ناسازی کی وجہ سے آج کی کاز لسٹ کینسل کردی گئی ہے، جس کے باعث توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی اپیل پر سماعت نہیں ہو سکے گی۔
درخواست میں میں ٹرائل عارضی روکنے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔