محکمہ موسمیات نے مختلف اضلاع میں 13 سے 17 جولائی تک مزید بارشوں اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 13 سے17 جولائی کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 12 جولائی کو ملک میں داخل ہوں گی جو بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہوں گی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 12 سے 17 جولائی آزاد کشمیرمیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جب کہ مری، گلیات اور اسلام آباد سمیت پنجاب میں بھی بادل برسیں گے، اس دوران چند مقامات پرژالہ باری بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم،گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، اوکاڑہ، نارووال، قصور، سرگودھا ، میانوالی، خوشاب، حافظ آباد، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جب کہ ڈی جی خان، ملتان ، راجن پور، بھکر، لیہ اور کوٹ ادو میں بھی رم جھم ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ 14 سے 17 جولائی بارشوں سے نشیبی علاقے زیرآب آسکتے ہیں، جب کہ مری، گلیات، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، اور آندھی سے کمزور انفرا اسٹرکچراور سولرپینل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہدایت جاری کی ہے کہ آندھی اور شدید بارشوں کے دوران شہری محفوظ مقامات پر رہیں، جب کہ تمام متعلقہ ادارے بھی الرٹ رہیں۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں 13 سے 17جولائی کے دوران مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی جس کے بعد پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مون سون ہوائیں 12 جولائی کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہونگی جو مینہ برسانے کا سبب بنیں گی۔
لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات،منڈی بہاؤالدین اور سیالکوٹ میں بارش کا امکان ہے۔
سرگودھا، میانوالی، خوشاب، شیخوپورہ، فیصل آباد اور جھنگ میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا ہے کہ تمام ادارے انتظامات مکمل رکھیں، نشیبی علاقوں سے لوگوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ شہری موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کریں جبکہ ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔