کراچی: ملکی تبادلہ منڈیوں میں امریکی ڈالر کی قیمت کمی اور 14 ماہ بعد اسٹاک ایکسچینج میں 45 ہزار کی حد بحال ہوگئی۔
منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر ایک روپے 30 پیسے کمی کے بعد ڈالر کی خرید و فروخت 278 روپے 50 پیسے میں جاری رہی۔ تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 24 پیسے کم ہوئی، اور لین دین 278 روپے 56 پیسے پر بند ہوا، جب کہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت فروخت 282 روپے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ایک روپے 90 پیسے مہنگا ہوکر ڈالر 279 روپے 80 پیسے کی سطح پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاوربار کا مثبت رجحان دیکھا گیا، ابتدا میں 100 انڈیکس 463 پوائنٹس اضافے سے 45 ہزار 49 پوائنٹس پر آگیا ہے۔ اور 14 ماہ بعد 45 ہزار کی حد بحال ہوگئی۔
سرمایہ کاروں کی مارکیٹ میں دلچسپی کے باعث شیئرز کی خریداری کا رجحان رہا، کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 570 پوائنٹس اضافے سے 45 ہزار 155 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں مجموعی طور پر 55 کروڑ 51 لاکھ شیئرز میں کاروبار کیا گیا۔