پاکستان کو پہلی بار اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی مل گئی جو کہ 13 سے 21 جنوری 2024 کو لاہور میں منعقد ہوگا۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (آئی ایچ ایف) نے پاکستان کو پہلی مرتبہ اولمپک ہاکی کوالیفائنگ راؤنڈ کی میزبانی سونپی ہے، 8 ممالک کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ 13 سے 21 جنوری لاہور میں کھیلا جائے گا۔
ٹیموں کا فیصلہ ایشین گیمز اور کونٹینینٹل کپ کے اختتام پر ہوگا ، اگر پاکستان ایشین گیمز میں گولڈ میڈلز جیت لے تو وہ براہ راست پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلے گا ، ورنہ پاکستان کی ٹیم بھی کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلے گی۔
مینز کے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ پاکستان اور اسپین میں ہوں گے جبکہ ویمنز ہاکی کے کوالیفائنگ راؤنڈ چین اور اسپین میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان نے آخری مرتبہ 2018 میں 4 ٹیموں کے ایف آئی ایچ ہاکی اوپن سیریز کی میزبانی کی تھی، پاکستان نے 1999، 1994 اور 2004 کے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی میزبانی کی جس میں 6، 6 ٹیمیں شریک ہوئی تھیں۔
اس بار 8 ٹیمیں پاکستان کا رخ کریں گی اور 1990 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلا موقع ہو گا جب پاکستان 8 ممالک کے ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری حیدر حسین کا کہنا ہے کہ ایف آئی ایچ ایونٹ کی میزبانی ملنا اعزاز کی بات ہے۔