فرانس میں اب ایفل ٹاور دیکھنے کے ساتھ ساتھ اس کے کنارے ”دریائے سین“ میں ڈوبکی لگانے کا موقع بھی میسر ہوگا، جہاں 1923 سے تیراکی پر باضابطہ طور پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس کی میئر ایئن ہیڈلگو نے اعلان کیا کہ 2025 سے دریائے سین میں ایک بار پھر سے تیراکی کرنا اور ڈبکی لگانا ممکن ہو سکے گا۔
گزشتہ ایک صدی سے اس دریا میں نہانے پر پابندی عائد ہے۔ پیرس کی میئر نے دریائے سین کے ان تین جگہوں کے نام کا بھی اعلان کیا ہے، جو سن 2025 سے عوام کے لیے کھول دی جائیں گی۔ اس میں سے ایک مقام معروف ایفل ٹاور کے پاس ہی ہے۔
میئر نے اپنے اعلان میں کہا یہ ایک دیرینہ خواب ہے اور یہ بالآخر حقیقت بننے کے راستے پر ہے۔ سین میں اب محفوظ غسل بھی ممکن ہو سکے گا۔
گزشتہ تقریبا ایک صدی میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پیرس کے شہری اور سیاح قانونی طور پر فرانسیسی دارالحکومت کے بیچ سے گزرنے والے دریا میں تیراکی کے قابل ہوں گے۔
اس کے علاوہ 1923 میں دریائے سین میں تیراکی پر باضابطہ طور پر پابندی لگا دی گئی تھی، یعنی ایک صدی پہلے پانی کے ناقص معیار کی وجہ سے اس میں نہانے کو ممنوع قرار دیا گیا تھا۔