امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا آئی ایم ایف کی غلامی کرنا ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ 75 سال سے سیاست دانوں کے بین بلینس میں اضافہ ہو رہاہے لیکن اس ملک کے عوام کے لئے بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ مرکز میں 13 جماعتوں کی حکومت ہے، 16 مہینے ہوگٸے لیکن بے روزگاری کرپشن ختم نہیں ہوٸی ہے، پی ڈی ایم کا ایجنڈا آئی ایم ایف کی غلامی کرنا ہے، یہی وہ لوگ ہیں جو گزشتہ 70 سالوں سے اس ملک پر قابض ہیں، ان لوگوں کے نام پانامہ لیکس میں ہیں، یہ لوگ انگریز کے ایجنٹ ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آصف زرداری اور شہباز شریف نے مجھے عدم اعتماد کیلٸے رابطہ کیا، پی ٹی آئی کی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک میں ساتھ دینے کے لیے کہا گیا، لیکن میں نے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کا حصے نہیں بن سکتے ہیں۔
ڈاکٹر عافیہ کو پرویز مشرف نے بیچا تھا، ان حکمرانوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلٸے کبھی بات نہیں کی، ایک دفعہ اسکی رہائی کا مطالبہ نہیں کیا، پی پی پی ،مسلم لیگ اور پی ٹی آئی یہ تینوں پارٹیاں کچھ نہیں کرسکیں، یہ سب سیاست دان ایک صفحہ پر ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس حکومت کی امامت مولانا فضل الرحمان کررہے ہیں، سود اللہ تعالی کے خلاف جنگ ہے، لیکن اس حکومت کے آنے کے بعد سود کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، سویڈن واقعے پر حکومت نے صرف قرارداد پیش کی، ان میں سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا دم نہیں۔
امیرجماعت اسلامی کے سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں 75 سال بعد بھی مظلوم کو انصاف نہیں مل رہا، اس نظام کو چلانے والے فوجی آمر، اتحادی حکومت کے وزیر اعظم شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان اس وقت ملک کے حاکم ہیں، مظلوموں کو انصاف دیں۔