بے حسی کہیے یا موقع پرستی ، کیونکہ اوشین گیٹ آبدوز ڈوبنے کے نتیجے میں پانچ قیمتی جانیں ضائع ہونے کے بعد اب پاکستانی مارکیٹ میں مبینہ طور پر ”آبدوز پاپڑ“ کے نام سے ایک نیا اسنیک دستیاب ہے۔
اس آبدوز پاپڑ کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں، اور صارفین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔
یہ پاپڑ اچاری ذائقے میں دستیاب ہیں۔
پاپڑ ’ٹائی ٹینک‘ کے مزے فراہم کرنے کا دعوے دار ہیں اور اس پر آبدوز اوشین گیٹ کی تصویر بھی پرنٹ کی گئی ہے۔
آبدوز پاپڑ نے ایک نئے تنازع کو جنم دیا اورسوشل میڈیا صارفین اس حوالے سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔
مذکورہ پاپڑ کی پیکجنگ پر ’ٹائی ٹینک کے مزے‘ بھی لکھا گیا ہے جس سے یہ بات تو واضح ہے کہ اب صرف امیر ہی نہیں بلکہ غریب بھی اوشین گیٹ کے مزے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر چند گھنٹوں میں ہی شہرت پانے والے ”آبدوز پاپڑ“ کے حوالے سے ٹوئٹر پر یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ مذکورہ پاپڑ حقیقت میں پائے ہی نہیں جاتے، بلکہ بالکل ایسی پی پیکنگ میں دستیاب ”چُلبُل“ نامی پاپڑوں کے پیکٹ کی تصویر کو ایڈٹ کر کے ”آبدوز پاپڑ“ کا پیکٹ تخلیق کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 1912 میں تباہ ہونے والے مسافر بردار بحری جہاز ٹائی ٹینک کا ملبہ دیکھنے کے لیے جانے والی آبدوز اوشین گیٹ ٹائٹن 18 جون کو بحر اوقیانوس میں لاپتہ ہوگئی تھی، جس کے بعد آبدوز کے تباہ ہونے اور اس میں سوار پانچوں افراد کی ہلاکت کا اعلان کردیا گیا تھا۔
پاکستان میں بکنے والی اشیاء کے ناموں پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان میں صرف انسان کا نام ہی نہیں بلکہ کھانے پینے کی چیزوں کا نام بھی سب سے منفرد اور ٹرینڈنگ رکھنے کی روایت چلی آرہی ہے۔
کبھی ”ارطغرل پاپڑ“ تو کبھی ”فائزہ بیوٹی کریم“ جیسے نام لوگوں کی توجہ کا مرکز ضرور بنتے ہیں۔