آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر جلد پہلا پاکستانی پراجیکٹ پیش کئے جانے اطلاعات ایک بار پھر گردش کرنے لگیں ۔
گزشتہ برس سے یہ خبریں سامنے آرہی ہیں کہ نیٹ فلکس کے صارفین جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر پاکستانی مواد دیکھ سکیں گے۔
اس حوالے سے سب سے پہلے یہ اطلاعات تھیں کہ یہ پراجیکٹ معروف ٹی وی رائٹر فرحت اشتیاق کے ناول ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پر مبنی ہوگی جس میں اداکار فواد خان کے ساتھ عائشہ عمر نظر آئینگی ۔
بعدازاں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ اس پراجکیٹ میں اداکار حمزہ علی عباسی ، ان کی اہلیہ نیمل خاور اور ماہرہ خان جلوہ گر ہونگی ۔
تاہم گزشتہ روز انٹرٹینمنٹ سے تعلق رکھنے والے صحافی حسن کاظمی نے اپنی ٹوئٹ میں اس بات کا دعوی کیا کہ اس پراجیکٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور ہانیہ عامر مرکزی کردار ادا کریں گے اور اسے مومنہ درید خود ڈائریکٹ کریں گی۔
فرحت اشتیاق نے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کو کئی مقبول ڈرامے دیئے ہیں جن میں ہمسفر، دیار دل ، اڈاری ،متاع جان اور یقین کا سفر سمیت دیگر شامل ہیں ۔
ان کا ڈرامہ ہمسفر اور اڈاری پاکستان کے بلاک بسٹر ڈراموں میں سے ایک ہے، ہم سفر ایک ایسی کہانی تھی جس نے ماہرہ خان اور فواد خان کی شہرت میں چار چاند لگائے ۔
مومنہ درید پراڈکشن کافی عرصے سے یہ پراجیکٹ بنانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ یہ آخر کار بنایا جارہا ہے۔
یہ پراجیکٹ نیٹ فلکس پر پاکستان کا پہلا آفیشل شو ہوگا تاہم اس سیریز کا نام ابھی تک سامنے نہیں آیا ہے۔