پولیس موبائل میں کوکنگ آئل لوٹنے والا گروہ پکڑا گیا ہے، جس میں پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
کراچی میں پولیس موبائل کے ذریعے کوکنگ آئل لوٹنے والا گروہ پولیس کے ہتھے چڑھ گیا، گزشتہ دنوں کوکنگ آئل لوٹنے کی متعدد وارداتین رپورٹ ہوئی تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق چارملزمان کو گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے قریب سے گرفتارکیا گیا۔ ملزمان کے گروپ میں پولیس اہلکاربھی شامل ہے جومفرور تھا۔ ملزمان کی نشاندہی پر پولیس نے سی ٹی ڈی افسر ظفر اقبال کو بھی گرفتار کرلیا۔
پولیس موبائل کی جانب سے پک اپ کو روکنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ہے۔ ملزمان پولیس موبائل میں کوکنگ آئل کی گاڑیاں لوٹ رہے تھے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس موبائل میں موجود افراد نے کوکنگ آئل کی گاڑیوں کو روکا اورگاڑی سے آئل پولیس موبائل میں منتقل کیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار پک اپ کے ساتھ موبائل لگا کرکولنگ آئل اپنی موبائل میں منتقل کرلیتے تھے، اور گودام میں خالی کرتے تھے، جب کہ کوکنگ آئل شفٹ کرنے کے دوران پک اپ ڈرائیور کو نامعلوم مقام پر چھوڑ دیتے تھے، اس گروہ میں گودام کا ملازم بھی شامل ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف نیو کراچی صنعتی ایریا تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جب کہ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔