وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو آج ایک جھوٹے کیس سے بری کردیا گیا، چور چور کہنے والوں کو آج منہ کی کھانی پڑی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سال میڈیا کی زبان بندی کیلئےہر حربہ استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی دور میں میڈیا کے کچھ لوگوں پر حملے کیےگئے، صحافیوں کو گولیاں ماری گئیں اور پسلیاں توڑی گئیں، اور صحافیوں کو جیل بھیجا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو آج ایک جھوٹے کیس سے بری کیا گیا ہے، چور چور کہنے والوں کو آج منہ کی کھانی پڑی، گزشتہ دورحکومت میں چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا جاتا رہا، چور چور کے نعرے لگا کر لوگوں کی ذہن سازی کی گئی۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاتا تھا، نیب پر دباؤ ڈال کر نوازشریف کے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے گئے، اور کیس میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیےگئے، نوازشریف کو پاناما کا بہانا بنا کر اقامے پر نااہل کیا گیا، کیس میں کسی قسم کی کرپشن سامنے نہیں آئی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہزاداکبر کا کام ہی مخالفین کی پگڑیاں اچھالنا تھا، الزامات لگانے والے شہزاد اکبر آج منظر سےغائب ہیں، اور پاکستان میں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔
واضح رہے کہ آج لاہورکی احتساب عدالت نے نواز شریف کی پلاٹ الاٹمنٹ کيس ميں بريت کا تفصيلی فيصلہ جاری کرتے ہوئےریمارکس دیے ہیں کہ سابق وزیراعظم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی قانون کے مطابق نہیں ہے۔ ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے نواز شریف کو سیاسی انتقام کانشانہ بنایا گیا، عدالت تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کو بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔