عيدالااضحی کے موقع سینما گھروں ميں ایک بھارتی پنجابی فلم سمیت 6 اردو فلمیں پیش کی گئی ہیں ۔
عید الاضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جانیوالی پاکستانی فلموں کے ساتھ ایک بھارتی پنجابی فلم بھی تھی جس نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارتی ویب سائٹ کے مطابق بھارتی پنجابی فلم کیری آن جٹا 3 نے مجموعی طورپرپاکستان میں 225 ہزارامریکی ڈالرز کا بزنس کیا جو کہ پاکستانی کرنسی کے مطابق 6 کروڑ کی رقم بنتی ہے۔
تاہم پاکستان فلموں کے بزنس پر خاص نظر رکھنے والے علی زین نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ فلم کیری آن جٹا 3 نے ابتدائی 4 دنوں میں 7.24 کروڑ کا بزنس کیا ہے ۔
اس فلم کی کاسٹ میں بھارتی اداکار گپی گریوال ، سونم باجوہ ، بنوں ڈھلوں سمیت پاکستانی اداکار ناصر چنیوٹی بھی شامل ہیں۔
ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے دعوی کیا کہ بھارتی پنجابی فلم کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستانی فلم تیری میری کہانیاں نے 4 دنوں میں 4.15 کروڑ کا بزنس کیا ہے ۔
دوسری جانب پاکستانی کی پہلی انتھالوجی فلم تیری میری کہانیاں بنانے والی کمپنی سی پرائم نے ایک سوش میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فلم نے اب تک 5 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے ۔
فلم تیری میری کہانیاں میں تین مختصر کہانیاں دکھائی گئی ہیں جن میں سے پہلی جن محل تھی، جس کی کاسٹ میں حرا، مانی اور گل رانا شامل تھے، دوسری پسوڑی تھی جس میں رمشا خان اور شہریار منور شامل تھے جبکہ تیسری ایک سو تیسواں تھی جس کی کاسٹ میں وہاج علی، مہوش حیات اور زاہد احمد شامل تھے۔
فلم تین مختصر کہانیوں پر مبنی ہے جن میں ’جن محل‘ کو نبیل قریشی نے ڈائریکٹ کیا ہے، ’پسوڑی‘ کو مرینہ خان نے جبکہ ’ایک سو تیسواں‘ کو ندیم بیگ نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
عید کے پہلے دن سب سے زیادہ شوز پاکستانی فلم تیری میری کہانیاں کو ملے جن کی مجموعی تعداد 174 ہے، دوسرے نمبر پربھارتی پنجابی فلم کیری آن جٹا 3 ہے جس کو 100 شوز ملے ہیں، واضح رہے کہ یہ فلم صرف پنجاب سرکٹ میں ریلیز کی گئی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق عید ریلیزز میں شامل ایک اور بڑی فلم ’وی آئی پی‘ کو بھی پہلے دن ہی شوز میں کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ فلم بھی کم زور مارکیٹنگ اسٹریٹجی کا شکار نظر آئی۔ کئی سنیماؤں نے عید کے تیسرے دن ہی فلم کی چھٹی کردی اور فلم کو اتاردیا گیا۔
عید پر ریلیز ہونے والی فلم وی آئی پی اور مداری خاطر خواہ بزنس کرنے میں ناکام رہیں، فلم وی آئی پی نے 44لاکھ جبکہ فلم مداری نے 12 لاکھ کابزنس کیا ۔
اس حوالے سے آج ٹی وی نے جب فلم وی آئی پی کے ہدایتکار رانا کامران سے بات کی تو انہوں نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلم نے زیادہ کمائی نہیں کی ۔