شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خودکش بمبار نے گاڑی سمیت خود کو دھماکے سے اڑا لیا، خودکش دھماکے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید جبکہ 3 بے گناہ شہری زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں ایک کار میں سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 3 فوجی جوان جام شہادت نوش کرگئے۔
شہداء میں میانوالی کے 41 سالہ نائب صوبیدار صاحب خان، ڈی آئی خان کے 40 سالہ نائیک محمد ابراہیم اور مردان کے 24 سالہ سپاہی جہانگیر خان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکے میں 3 بے گناہ شہری بھی زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کا مقصد سیکیورٹی فورسز کی چوکی کو نشانہ بنانا تھا تاہم ڈیوٹی پر موجود سپاہیوں نے خود کش حملہ آور کو بروقت روکا، سپاہیوں کے بروقت اقدام سے بڑا سانحہ ہونے سے بچ گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خودکش حملے سے فوجی جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج کا اظہا کیا ہے۔
وزیراعظم نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خودکش حملے میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار صاحب خان، نائیک محمد ابراہیم اور سپاہی جہانگیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
شہباز شریف نے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ہماری مسلح افواج کے بہادر جوان اپنے خون سے اس ملک کی بقاء کی آبیاری کررہے ہیں۔