Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2023 09:34pm

وزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس، اہم منصوبوں اور تجاویز پر تبادلہ خیال

Welcome

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اہم منصوبوں اور تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خصوصی سرمایہ کاری کے لیے سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت سرمایہ کاری کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزرائے اعلی، وفاقی وزراء اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری کے لئے سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

اجلاس میں زراعت، معدنیات اور آئی ٹی سیکٹرز کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق سرمایہ کاری کونسل نے پاکستان میں زرعی انقلاب برپا کرنے کا عزم ظاہر کیا جبکہ اجلاس میں غذائی تحفظ اور قومی خوشحالی کو یقینی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں زراعت سے متعلق کمیٹی نے جدید زرعی فارمز کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سرگرمیاں تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ رواں ماہ مختلف ایونٹس کے انعقاد کے لیے شیڈول تیار کر لیا گیا۔

کونسل اجلاس میں رواں ماہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سیمینار کے انعقاد اور آئی ٹی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیمینار کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح بھی رواں ماہ کیا جائے گا،

اجلاس میں پاکستان کے معدنی شعبے کو فروغ دینے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چاغی مائننگ سائٹ کا دورہ اور مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے جائیں گے ۔

یاد رہے کہ چند روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کی بحالی کے لیے ایپکس کمیٹی قائم کی تھی جو اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد کروائے گی۔

حکومت نے معاشی بحالی کے لئے ایک بڑے منصوبے کا اعلان کیا تھا جسے سی پیک سے بھی بڑا اور دس سالہ منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ معاشی بحالی پر قائم ایپکس کمیٹی ملک میں بیرون سرمایہ کاری پر فریم ورک تیار کرے گی، ایپکس کمیٹی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے ممالک کے لیے سہولت کاری کرے گی۔

Read Comments